ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تالابوں پر قبضے بلامروت ہٹا ئے جائیں گے: سی ایس پٹ راجو

تالابوں پر قبضے بلامروت ہٹا ئے جائیں گے: سی ایس پٹ راجو

Wed, 04 Jul 2018 11:34:58    S.O. News Service

بنگلورو،4؍جولائی(ایس او نیوز) ریاست کے کسی بھی علاقے میں سرکاری زمین میں واقع تالاب پر اگر کسی نے غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے تو اسے بلامروت خالی کرایا جائے گا۔یہ بات آج ریاستی وزیر برائے چھوٹی آب پاشی سی ایس پٹ راجو نے لیجسلیٹیو کونسل میں بتائی۔

جنتادل (ایس) کے کے ٹی سری کنٹے گوڈا کی طرف سے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گرام پنچایت سے لے کر سٹی کارپوریشنوں تک ریاست بھر میں 29636 تالاب ہیں۔ ان تالابوں کی حفاظت اور ترقی کے لئے خصوصی افسروں کا تقرر کیا گیا ہے۔ تالابوں پر غیر قانونی قبضوں کو ختم کرانے کے لئے بلامروت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسانوں کے لئے ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے چھوٹی آب پاشی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لئے تالابوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیرموصوف نے کہاکہ محکمے میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت کی طرف سے لاگو رعیت سنجیونی اسکیم سے کسانوں کو فائدہ یہ یقینی بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ کسان اپنے زمینوں پر جو فصل بور ہے ہیں اگر اس کے لئے چھوٹی آب پاشی نظام کے ذریعے پانی کی سہولت ہوتو محکمہ ان کی رہنمائی اور مدد ہمہ وقت کررہاہے۔ کوپل اور رائچور اضلاع میں محکمے کے افسروں کی طرف سے 30کروڑ روپیوں کی مبینہ دھاندلی کے متعلق استفسار پر وزیر موصوف نے کہاکہ اس معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ 


Share: